بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے کیلئے تاحال منظوری نہ مل سکی

بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کے لیے تاحال حکومتی منظوری نہ مل سکی۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم حکومتی اجازت کی منتظر ہے، بھارتی ٹیم نے پاکستان میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینا ہے۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارتِ کھیل کی جانب سے این او سی مل چکا ہے جبکہ ٹیم کو وزارت داخلہ اور خارجہ سے تاحال کلیئرنس نہیں ملی۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی

اس حوالے سے انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شیلندرا یادیو کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں سے حکومتی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں، حکومت سے ہاں یا ناں چاہیے۔

شیلندرا یادیو نے کہا کہ آخری مرتبہ 2014ء میں باہمی سیریز کے لیے پاکستان گئے تھے، 2018ء میں حکومت نے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ 2023ء میں پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں حکومتی فیصلہ منظور ہو گا بس ہمیں وضاحت چاہیے۔

واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈول ہے۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت انکار کر چکا ہے، آئی سی سی کا یہ ایونٹ آئندہ برس فروری مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے۔